پشاور(خصوصی رپورٹ)خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی کے گاؤں دالوری میں کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ سے گرنے سے والے مکانات کے ملبے سے ریسکیو اہلکاروں نے مزید 6 لاشیں برآمد کرلیں۔یہ گاؤں ہے حالیہ کلاؤڈ برسٹ سے شدید متاثر ہوا جبکہ 40 لاپتا افراد کی تلاش کے لیے آپریشن بلا تعطل جاری ہے۔دالوری ایک دور افتادہ گاؤں ہے جو ضلع صوابی کی تحصیل ٹوپی کے گدون امازئی کے پہاڑی علاقے میں واقع ہے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسر ریسکیو 1122 صوابی محمد اویس بابر نے ڈان کو بتایا کہ اب تک اس سانحہ زدہ گاؤں کے ملبے سے بچوں، خواتین اور مردوں سمیت کل 29 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ مقامی لوگوں کی تسلی اور آپریشن کی مکمل نگرانی تک یہ کارروائی جاری رکھی جائے گی، یہ آپریشن پیر کی صبح سانحہ رونما ہونے کے بعد سے مسلسل جاری ہے۔انہوں نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ 8 لاشیں پیر کو ملیں، جب کہ مزید 15 لاشیں منگل کو برآمد ہوئیں اور بدھ کو آپریشن کے دوران 6 لاشیں مزید نکالی گئیں۔ان کے مطابق دالوری میں آپریشن کے لیے ریسکیو 1122 کے 110 اہلکار تعینات ہیں، جبکہ نوشہرہ، ہری پور اور مردان کی ریسکیو ٹیمیں بھی پچھلے تین دن سے مدد کر رہی ہیں۔اس آپریشن میں پاک فوج کے جوان، سول ڈیفنس کے رضاکار، الخدمت فاؤنڈیشن کے اراکین اور گدون امازئی کے مختلف دیہاتوں کے مقامی لوگ بھی شریک ہیں۔