اسلام آباد: کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین محمد علی رندھاوا نے واضح کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں فی الوقت کسی اسٹیڈیم کی تعمیر کا ارادہ نہیں ہے۔
محمد علی رندھاوا نے بتایا کہ سی ڈی اے کا فوکس اس وقت شہر میں کرکٹ اور فٹبال کے 25، 25 گراؤنڈز بنانے پر ہے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو کھیلوں کی بہترین سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ اسٹیڈیم کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ میٹنگ ہوئی ہے، تاہم حتمی فیصلہ ماہرین کی رائے کی بنیاد پر کیا جائے گا کہ اسلام آباد میں کہاں کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر ہونا چاہیے۔چیئرمین سی ڈی اے کے مطابق شہر میں کرکٹ گراؤنڈز کے حالات اطمینان بخش نہیں ہیں، ان کی پچز کو انٹرنیشنل معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایف 9 پارک میں موجود گراؤنڈ کو اپ گریڈ کرنے کے لیے سابق کرکٹر راشد لطیف کی معاونت بھی لی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں مختلف کھیلوں کے گراؤنڈز کے منصوبے جاری ہیں تاکہ نوجوانوں کو کھیلوں کے مثبت مواقع میسر آئیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ ایف نائن پارک میں کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم عوامی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل کے بعد سی ڈی اے نے وضاحت دی تھی کہ پارک میں کسی نئے اسٹیڈیم کی تعمیر کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں ہے۔