پنجاب بڑا بھائی، خیبرپختونخوا اور سندھ کے عوام کیساتھ کھڑا ہے عظمی بخاری

وزیراعلی  مریم نواز کی ہدایت پر صوبہ پنجاب ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہے،پنجاب کا دل بڑا ہے:وزیر اطلاعات پنجاب
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے خیبرپختونخوا اور سندھ میں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بارشوں کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان اور کراچی میں نظامِ زندگی کے مفلوج ہونے پر پنجاب حکومت کو شدید تشویش ہے۔ پنجاب، بطور بڑا بھائی، مشکل کی اس گھڑی میں اپنے دونوں بھائیوں  خیبرپختونخوا اور سندھ  کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبہ پنجاب ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔ اپنے ایک بیان میں  انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے خیبرپختونخوا کے وزیر اعلی علی امین گنڈاپور سے بذاتِ خود رابطہ کیا اور ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔یہ جذبہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ مریم نواز صرف پنجاب ہی نہیں، بلکہ پوری قوم کی قیادت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ اگر خیبرپختونخوا یا سندھ حکومت کو کسی بھی قسم کی مدد یا معاونت درکار ہو تو پنجاب حکومت ہر سطح پر امداد  کیلئے  تیار ہے۔پنجاب کا دل بڑا ہے اور ہمارا عزم ہے کہ ہم قومی یکجہتی اور بھائی چارے کو ہر حال میں مضبوط بنائیں گے۔