لاہور میں سبزیوں اور پھلوں کی سرکاری قیمتوں اور اوپن مارکیٹ ریٹس کے درمیان واضح اور مسلسل فرق سامنے آ رہا ہے، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
مارکیٹ سروے کے مطابق متعدد اشیائے خورونوش سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت ہو رہی ہیں۔ نیا کچا آلو درجہ اول 20 روپے کے بجائے 40 روپے فی کلو، پیاز 50 کے بجائے 80 روپے اور ٹماٹر 70 روپے کے بجائے 100 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔اسی طرح دیگر سبزیوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ کریلا 110 کے بجائے 180 روپے، مٹر 170 کے بجائے 200 روپے، شملہ مرچ 65 کے بجائے 150 روپے، جبکہ سبز مرچ 100 کے بجائے 120 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ بند گوبھی 45 کے بجائے 80 روپے اور پھول گوبھی 115 کے بجائے 150 روپے فی کلو تک دستیاب ہے۔
ذرائع کے مطابق صرف سبزیوں ہی نہیں بلکہ پھلوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، جن میں سیب، کیلا اور امرود شامل ہیں۔ مجموعی طور پر مختلف اشیاء میں 20 سے 50 روپے فی کلو تک اضافہ رپورٹ کیا گیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخنامے محض کاغذوں تک محدود ہیں جبکہ عملی طور پر مارکیٹ میں گرانفروشی جاری ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس پنجاب فوری طور پر موثر کارروائی کریں، دکانداروں کو سرکاری نرخوں کا پابند بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔