لاہور میں پٹرول اور توانائی کی بچت کے لیے حکومت کی جانب سے نافذ کیے گئے اوقات کار پر عملدرآمد میں واضح کمزوری دیکھنے میں آ رہی ہے، جبکہ انتظامیہ بھی دکانداروں کو قانون پر مکمل طور پر عمل کروانے میں ناکام نظر آتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں، خصوصاً مسلم ٹاؤن لاہور اور فیروزپور روڈ لاہور پر پان اور سگریٹ کی متعدد دکانیں مقررہ وقت (رات 8 بجے) کے بعد بھی کھلی رہیں۔ حکومتی ہدایات کے باوجود کئی دکاندار کھلے عام قوانین کی خلاف ورزی کرتے دکھائی دیے۔عینی شاہدین کے مطابق رات گئے تک دکانیں معمول کے مطابق چلتی رہیں جبکہ انتظامیہ کی جانب سے فوری اور مؤثر کارروائی نظر نہیں آئی۔ اس صورتحال پر شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ قوانین کا اطلاق یکساں کیوں نہیں کیا جاتا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بعض علاقوں میں سختی کی جاتی ہے جبکہ دیگر جگہوں پر خلاف ورزی کے باوجود کارروائی نہیں ہوتی، جو امتیازی رویے کی نشاندہی کرتا ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام کاروباری افراد کے لیے ایک جیسے قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ انصاف اور قانون کی بالادستی قائم ہو سکے۔