روزانہ 4 گھنٹے طیارے کا سفر کر کے ایک ہزار کلومیٹر دور یونیورسٹی جانے والی جاپانی گلوکارہ

روزانہ 4 گھنٹے طیارے کا سفر کر کے ایک ہزار کلومیٹر دور یونیورسٹی جانے والی جاپانی گلوکارہ

ویب ڈیسک: جاپان کی مشہور گلوکارہ یوزوکی ناکاشیما، جو میوزک گروپ Sakurazaka46 کا حصہ ہیں، نے اپنی تعلیم مکمل کرنے کے لیے روزانہ 4 گھنٹے طیارے کے سفر کی شروعات کی۔

22 سالہ گلوکارہ جو اپنے میوزک کیرئیر کی وجہ سے ٹوکیو میں مقیم ہیں، نے اپنی یونیورسٹی کی تعلیم مکمل کرنے کے لیے فوکوکا کی یونیورسٹی کو منتخب کیا تھا، جو ٹوکیو سے تقریباً 1000 کلومیٹر دور واقع ہے۔ اس ویڈیو بلاگ میں انہوں نے اپنی روزمرہ کی زندگی اور یونیورسٹی جانے کے معمولات کے بارے میں بتایا۔یوزوکی ناکاشیما روزانہ صبح 5 بجے اٹھ کر یونیورسٹی جانے کے لیے تیار ہو جاتی تھیں اور 6 بجے ہینیڈا ائیرپورٹ پہنچ کر طیارے میں سوار ہو جاتیں۔ وہ فوکوکا کے Kitakyushu ائیرپورٹ پر ساڑھے 9 بجے پہنچتیں اور وہاں سے ٹیکسی یا بس کے ذریعے یونیورسٹی پہنچتیں۔ ایک طرف کا سفر تقریباً 2 گھنٹے پر محیط ہوتا تھا اور اس میں 15 ہزار ین سے زیادہ خرچ ہوتے تھے۔ سفر کے دوران وہ یونیورسٹی کے ہوم ورک مکمل کرتیں اور کلاسز کے بعد دوبارہ ٹوکیو واپس آ جاتی تھیں۔

یوزوکی نے اس مشکل معمول کو 4 سال تک جاری رکھا اور اب وہ اپنی تعلیم مکمل کر چکی ہیں۔ گلوکارہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی طالبعلمی زندگی کو طویل عرصے تک نجی رکھا، لیکن اب گریجویشن مکمل ہونے کے بعد وہ چاہتی ہیں کہ یہ تجربہ دوسروں کے ساتھ شیئر کریں۔یوزوکی ناکاشیما نے اس تجربے کے ذریعے اپنے مداحوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ خواب دیکھنا اور انہیں حاصل کرنے کے لیے مشکلات کا سامنا کرنے کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہر وہ لمحہ جب آپ اپنے خواب کا پیچھا کرتے ہیں، وہ زندگی کے سب سے یادگار لمحوں میں سے ایک ہوتا ہے"۔