فورس کو بغیر کسی اضافی مالی بوجھ کے دستیاب وسائل سے تشکیل دیا گیا
سیلابی صورتحال سے بروقت نمٹنے کیلئے موبلائزیشن پلان تیار کیا جائیگا
لاہور (کرائم رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پاکستان کی پہلی واسا رسپانس فورس برائے انسداد اربن فلڈنگ قائم کر دی گئی ہے۔ اس ضمن میں سیکرٹری ہائوسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ ترجمان محکمہ ہائوسنگ کے مطابق واسا رسپانس فورس کا مقصد اربن فلڈنگ اور مون سون بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنا ہے۔ فورس کو بغیر کسی اضافی مالی بوجھ کے دستیاب وسائل سے تشکیل دیا گیا ہے تاکہ فوری اور مئوثر اقدامات کیے جا سکیں۔ واسا رسپانس فورس میں لاہور اور فیصل آباد کے 14 افسران اور اہلکار شامل ہیں، جن میں ایم ڈی واسا لاہور کو فورس کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ ٹیم میں 2 ڈائریکٹر انجینئرنگ، 2 ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ، 2 اسسٹنٹ ڈائریکٹر واسا لاہور، 2 اسسٹنٹ ڈائریکٹر واسا فیصل آباد، 2 سب انجینئر لاہور اور 2 واسا فیصل آباد کے افسران شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق واسا فورس میں بڑی تعداد میں مشینری بھی شامل کی گئی ہے جن میں 18 ڈی واٹرنگ سیٹ، 10 ڈمپنگ ٹرک، 10 پمپس، 7 سکشن پمپس، 5 جیٹنگ مشینز، 4 ایکسکویٹر اور 6 واٹر ٹینکرز شامل ہیں۔