کچہری میں آگ لگانے والا ریکارڈ کیپر نکلا

ملزم نے انکوائری سے بچنے کیلئے ریکارڈ روم میں آگ لگا ئی تھی:تفتیشی ، 7دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے 
لاہور( کرائم رپورٹر)ماڈل ٹائون کچہری میں آتشزدگی کا معاملہ ،ماڈل ٹائون کچہری میں ریکارڈ روم کو آگ لگانے والا ریکارڈ کیپر نکلا ،انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ملزم کو 7دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی ،اس موقع پر پولیس نے ہتھکڑی لگا کر ملزم صہیب کو عدالت میں پیش کیا ،تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایاکہ نصیر آباد پولیس نے آتشزدگی کے واقعہ میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا تھا، نصیر آباد پولیس نے ملزم کا جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے سراغ لگایا، ملزم ملزم ماڈل ٹائون کچہری میں ریکارڈ کیپر کے طور پر کام کرتا تھا، تفتیشی افسر نے کہاکہ مختلف کیس کی فائلیں خوردبرد کرنے پر ملزم کیخلاف محکمانہ انکوائری جاری تھی ،ملزم نے انکوائری سے بچنے کیلئے ریکارڈ روم میں آگ لگا دی تھی، لہذا ملزم صہیب کو مزید تفتیش کیلئے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیاجائے، عدالت نے ملزم کو 7دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔