58 تھرمل بے ضابطگیاں ریکارڈ ،خلاف ورزیوں پر 19 مقدمات درج ،محکمہ زراعت کی پنجاب اسمبلی میں رپورٹ
لاہور(خصوصی رپورٹ)محکمہ زراعت نے رواں مالی سال کے دوران تھرمل تصاویر کی مدد سے فصلوں کی باقیات جلانے کیخلاف کارروائیوں کی رپورٹ جمع کروا دی۔ رپورٹ کے مطابق صوبے میں فصلوں کی باقیات جلانے سے متعلق 58 تھرمل بے ضابطگیاں ریکارڈ کی گئیں جن میں سے 43 واقعات میں شواہد ملے،جبکہ خلاف ورزیوں پر 19 مقدمات درج اور مجموعی طور پر 5 لاکھ 10 ہزار روپے جرمانے کیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق لاہور ڈویڑن میں فصلوں کی باقیات جلانے کے 13 واقعات کے شواہد ملے، جہاں 2 لاکھ 25 ہزار روپے جرمانے عائد کرنے کے ساتھ 6 مقدمات درج کیے گئے۔ ساہیوال ڈویڑن میں سب سے زیادہ 15 واقعات کے شواہد سامنے آئے، جہاں 75 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے اور 10 مقدمات درج ہوئے۔ گوجرانوالہ ڈویڑن میں 3 واقعات کے شواہد ملنے پر 60 ہزار روپے، گجرات ڈویڑن میں 3 واقعات پر 30 ہزار روپے اور فیصل آباد ڈویڑن میں ایک واقعے پر 15 ہزار جرمانہ کیا گیا۔ ملتان ڈویڑن میں فصلوں کی باقیات جلانے کے 4 شواہد ملے اور 75 ہزار کے جرمانے کیے گئے، بہاولپور ڈویڑن میں 3 شواہد سامنے آئے۔ ڈی جی خان ڈویڑن میں فصلوں کی باقیات جلانے کا ایک واقعہ رپورٹ ہوا، جس پر 30 ہزار جرمانہ کیا گیا۔