راولپنڈی: سہ ملکی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
راولپنڈی میں کھیلے جانے والے اس مقابلے کے لیے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور پاکستان پہلے میچ میں سری لنکا کو شکست دینے والی ٹیم کے ساتھ میدان میں اترے گا۔پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں پاکستانی سرزمین پر تقریباً 21 سال بعد ون ڈے انٹرنیشنل میں آمنے سامنے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پاکستان میں آخری ون ڈے میچ 21 دسمبر 2005 کو کھیلا گیا تھا، جس میں انگلینڈ نے کامیابی حاصل کی تھی، تاہم اس وقت ہونے والی سیریز پاکستان نے 2-3 سے اپنے نام کی تھی۔انگلینڈ نے 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے دوران بھی پاکستان میں تین ون ڈے میچز کھیلے تھے، لیکن اسے تینوں مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔موجودہ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں انگلینڈ چوتھے جبکہ پاکستان پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ انگلش ٹیم حال ہی میں سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں 1-2 سے شکست دے کر پاکستان پہنچی ہے۔انگلینڈ نے پاکستان میں آخری مرتبہ ون ڈے سیریز 1987-88 میں جیتی تھی۔
دوسری جانب پاکستان اپنی سرزمین پر کھیلی گئی آخری تین ون ڈے سیریز میں ناقابلِ شکست رہا ہے۔راولپنڈی کا میدان بھی قومی ٹیم کے لیے خوش آئند ثابت ہوا ہے، جہاں پاکستان کو گزشتہ 10 ون ڈے میچز میں سے صرف ایک میں شکست ہوئی ہے۔ ایسے میں پاکستان کی کوشش ہوگی کہ وہ ہوم گراؤنڈ پر اپنی اچھی کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے انگلینڈ کے خلاف بھی کامیابی حاصل کرے۔