210 سکولوں کے سامنے زیبرا کراسنگ اور سائن بورڈز کی تنصیب کی جارہی
مشترکہ ٹیمیں سرگرم، منصوبہ 6 نومبر تک مکمل کیا جائے گا، ، انتظامیہ
لاہور (کرائم رپورٹر) مصروف شاہراہوں پر اسکولوں کے باہر طلبہ و طالبات کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کے لیے زیبرا کراسنگز اور سائن بورڈز کی تنصیب کا منصوبہ تیزی سے جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق منصوبے کا 45 فیصد کام صرف دو ہفتوں کے اندر مکمل کر لیا گیا ہے۔کمشنر لاہور مریم خان کی ہدایت پر ابتدائی طور پر شہر کے 210 اسکولوں کو اس منصوبے کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے، جن میں ایم سی ایل، ایل ڈی اے اور کنٹونمنٹ بورڈز کے زیرانتظام اسکول شامل ہیں۔ ٹیپا کی جانب سے اب تک 90 اسکولوں کے باہر زیبرا کراسنگز اور سائن بورڈز کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے۔منصوبے کی تکمیل کے لیے 6 نومبر 2025 کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے، جس کے تحت اسکولوں کے سامنے دونوں اطراف کی سڑکوں پر واضح سائن بورڈز اور زیبرا کراسنگز بنائی جا رہی ہیں۔ضلعی انتظامیہ، ٹیپا، ایم سی ایل اور ایل ڈی اے کی مشترکہ ٹیمیں اسکول انتظامیہ کی فراہم کردہ فہرست کے مطابق کام کر رہی ہیں۔ جہاں پہلے سے سائن بورڈز موجود ہیں وہاں صرف زیبرا کراسنگز بنائی جا رہی ہیں۔دوسری جانب محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ صوبے میں ہفتہ وار تعطیل برقرار رہے گی۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ہفتہ وار چھٹی ختم کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ سردیوں کے دوران اسکولوں کے اوقاتِ کار میں معمولی ردوبدل کیا جائے گا تاکہ طلبہ کو سردی کے اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔