ٹماٹر کی قیمت آسمان چھونے لگی ،شہری پریشانی کا شکار

 ٹماٹر 400 سے 500 روپے فی کلو، سرکاری نرخنامے میں 160 روپے مقرر، عوام اور دکاندار دونوں پریشان
 منڈی سے ہی ٹماٹر 400 روپے فی کلو خرید رہے ہیں، کم نرخ پر فروخت ممکن نہیں،مقامی دکانداروں کا موقف
لاہور (کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی نہ آ سکی، جس کے باعث شہری سخت پریشانی اور اضطراب کا شکار ہیں۔ اوپن مارکیٹ میں ٹماٹر 400 سے 500 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کے جاری کردہ سرکاری نرخنامے میں ٹماٹر کی قیمت 160 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔مارکیٹ سروے کے مطابق بیشتر ریٹیل دکاندار ٹماٹر 400 روپے سے زائد قیمت پر فروخت کر رہے ہیں، جبکہ شہر کی بڑی مارکیٹوں میں قیمت 450 سے 500 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت صرف کاغذوں میں نرخنامے جاری کر رہی ہے، عملی طور پر کہیں بھی سرکاری نرخوں پر ٹماٹر دستیاب نہیں۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ منڈی سے ٹماٹر 400 روپے فی کلو کے حساب سے خریدا جا رہا ہے، ایسے میں 160 روپے فی کلو میں فروخت ممکن نہیں۔ ان کے مطابق جب تک منڈی کے نرخ کم نہیں ہوں گے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں پر عملدرآمد ناممکن ہے۔دوسری جانب عوام نے حکومت سے مئوثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اب ہم نے ہنڈیا میں ٹماٹر ڈالنا ہی چھوڑ دیا ہے، غریب عوام کیلئے سبزیاں خریدنا مشکل سے ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گرانفروشوں کے خلاف کارروائی جاری ہے اور قیمتوں میں استحکام کیلئے جامع حکمتِ عملی پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔