خابی لیم کی ہلاکت کی افواہیں جھوٹ نکلی، ٹک ٹاک اسٹار زندہ اور خیریت سے ہیں

خابی لیم کی ہلاکت کی افواہیں جھوٹ نکلی، ٹک ٹاک اسٹار زندہ اور خیریت سے ہیں

ویب ڈیسک: دنیا بھر میں مقبول ٹک ٹاک اسٹار خابی لیم کے حوالے سے گزشتہ چند دنوں سے سوشل میڈیا پر یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ وہ ایک خطرناک کار حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں، تاہم اب یہ خبریں مکمل طور پر جھوٹی قرار دی گئی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق یوٹیوب، فیس بک، ایکس (ٹوئٹر) اور انسٹاگرام سمیت مختلف پلیٹ فارمز پر درجنوں پوسٹس وائرل ہوئیں جن میں دعویٰ کیا گیا کہ خابی لیم کی موت ایک ٹریفک حادثے میں ہوئی ہے۔ کچھ جعلی پوسٹس میں تباہ شدہ گاڑیوں کی تصاویر بھی شیئر کی گئیں جنہیں خابی لیم سے منسوب کیا گیا تاکہ خبر کو حقیقی ظاہر کیا جا سکے۔تاہم رائٹرز، اسنوپس اور پولیٹی فیکٹ جیسے معتبر فیکٹ چیکنگ اداروں نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ خابی لیم کے کسی حادثے یا ہلاکت کی کوئی مصدقہ اطلاع دستیاب نہیں۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ یہ تمام پوسٹس کلک بیٹ ویب سائٹس اور فشنگ لنکس پھیلانے والے اکاؤنٹس سے منسلک تھیں، جن کا مقصد صرف لوگوں کی توجہ حاصل کرنا اور غلط معلومات پھیلانا تھا۔

بعد ازاں خابی لیم کے قریبی ذرائع اور ان کی ٹیم نے بھی تصدیق کی کہ وہ زندہ، صحت مند اور خیریت سے ہیں۔ خود خابی لیم نے بھی اپنے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک نئی پوسٹ شیئر کر کے اپنی موجودگی کا ثبوت دیا، جس کے بعد تمام افواہیں دم توڑ گئیں۔یاد رہے کہ خابی لیم کا تعلق سینیگال سے ہے اور وہ اٹلی میں مقیم ہیں۔ انہوں نے 2020 میں کورونا وبا کے دوران نوکری کھونے کے بعد ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنانا شروع کیں۔ ان کی خاموش مگر مزاحیہ ویڈیوز نے انہیں عالمی شہرت دلائی۔ وہ اس وقت 160 ملین سے زائد فالوورز کے ساتھ دنیا کے سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے ٹک ٹاکرز میں شمار ہوتے ہیں۔ان کی مقبولیت کی بڑی وجہ ان کا منفرد اندازِ مزاح ہے، جس میں وہ روزمرہ زندگی کی غیرضروری پیچیدگیوں کو سادہ طریقے سے حل کرتے دکھاتے ہیں — بغیر ایک لفظ بولے۔