راولپنڈی (آئی این پی )پاک فوج کے شعبہ تعلقا ت عا مہ ( آئی ایس پی آر )نے نیا نغمہ’’ قوم کے شہیدو تمہیں سلام ‘‘ ریلیز کر دیا ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کئے گئے اس نغمے میں وطن پر جان نچاور کرنے والے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیاگیاہے۔قومی نغمے کے ذریعے وطن عزیز کی بقا اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے جان دینے والے شہدا کو پوری قوم کی جانب سے سلام پیش کرتے ہوئے پیغام دیاگیاہے کہ وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی داستانیں قوم کے دلوں میں زندہ ہیں۔نغمے میں معصوم بچوں اور خواتین کی شہادت کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاگیاہے کہ بزدل دشمن کے دہشت گرد حملوں میں شہید ہونے والے بہادروں کی قربانیوں پر ہر پاکستانی کو فخر ہے۔ نغمے میں خون کے آخری قطرے تک وطن کیلئے قربانیاں دینے کے عزم کا اعادہ کیاگیاہے کہ شہدا کا ہر قطرہ لہو پاکستان کی بقا اور امن کی ضمانت ہے۔