ترکیہ کا جدید سیسمک تحقیقی بحری جہاز ’اورچ رئیس‘ کراچی بندرگاہ پہنچ گیا، جہاں سے وہ پاکستان کی سمندری حدود میں تیل اور گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش کے لیے سیسمک سروے کرے گا۔
اس پیشرفت کو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کے نئے مرحلے کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔ترکیہ کے وزیر توانائی الپ ارسلان بائراکتار، جو ایک روز قبل کراچی پہنچے تھے، نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور دیگر پاکستانی حکام کے ہمراہ تحقیقی جہاز کا استقبال کیا۔سرکاری بیان کے مطابق اورچ رئیس پاکستان کے سمندری علاقوں میں تیل اور گیس کی تلاش کے لیے مختص بلاکس میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے سیسمک سروے کرے گا۔ اس سروے کے ذریعے سمندر کی تہہ میں موجود ارضیاتی ساخت اور ممکنہ تیل و گیس کے ذخائر سے متعلق معلومات حاصل کی جائیں گی، جو مستقبل میں تلاش اور ڈرلنگ کے منصوبوں کے لیے معاون ثابت ہوسکتی ہیں۔پاکستان نے مقامی سطح پر تیل و گیس کی تلاش کی سرگرمیوں کو دوبارہ فعال بنانے اور توانائی کی درآمدات پر انحصار کم کرنے کی کوششوں کے تحت تقریباً دو دہائیوں بعد پہلی مرتبہ اپنے سمندری علاقوں میں تلاش کے بلاکس نیلامی کے لیے پیش کیے ہیں۔
حکام کے مطابق ترکیہ کے تحقیقی جہاز کی آمد دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دے گی۔ اس منصوبے میں ترکیہ کی تکنیکی مہارت اور تحقیقی صلاحیتیں پاکستان کے لیے اہم معاونت فراہم کر سکتی ہیں۔پاکستان ایک طویل عرصے سے اپنی سمندری حدود میں موجود تیل اور گیس کے ممکنہ ذخائر سے استفادہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم سرمایہ کاری کی کمی، جدید ٹیکنالوجی تک محدود رسائی اور دیگر چیلنجز کے باعث سمندر میں تلاش کی سرگرمیاں کئی برس تک مطلوبہ رفتار سے آگے نہیں بڑھ سکیں۔