برطانیہ کا یوکرین کو ایک ہزار سے زائد طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرون فراہم کرنے کا اعلان

برطانیہ کا یوکرین کو ایک ہزار سے زائد طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرون فراہم کرنے کا اعلان

لندن: برطانیہ نے روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کی دفاعی صلاحیت مضبوط بنانے کے لیے ایک ہزار سے زائد جدید طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرون فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 اس فوجی امدادی پیکج کی مالیت 26 کروڑ برطانوی پاؤنڈ (تقریباً 34 کروڑ 20 لاکھ امریکی ڈالر) ہے۔برطانوی حکومت کے مطابق امدادی پیکج میں ایسے جدید ڈرون بھی شامل ہوں گے جو ایک ہزار کلومیٹر سے زیادہ فاصلے تک پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان میں بعض ڈرون بھاری وار ہیڈز لے جانے کے لیے تیار کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے یوکرین محاذ سے دور روسی فوجی اہداف اور اسلحہ سازی کی تنصیبات کو نشانہ بنا سکے گا۔یہ اعلان برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم نے 19 نومبر 2026 کو جرمنی کے دارالحکومت برلن میں یوکرین کے اتحادی ممالک کے اجلاس ’کولیشن آف دی وِلنگ‘ کے موقع پر کیا۔ برطانوی حکومت کے مطابق اس امداد کا مقصد یوکرین کی طویل فاصلے تک دفاعی اور حملہ آور صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

 امدادی پیکج میں صرف جنگی ڈرون ہی شامل نہیں بلکہ سمندری نگرانی، جاسوسی اور رسد پہنچانے والے بغیر پائلٹ طیارے بھی فراہم کیے جائیں گے۔ ان ڈرونز کے ذریعے یوکرینی فوج کو محاذ پر ضروری سامان پہنچانے میں مدد ملے گی، جس میں طبی سامان، خون اور ادویات کو محفوظ رکھنے کے لیے استعمال ہونے والے ریفریجریٹرز بھی شامل ہیں۔برطانوی حکومت کے مطابق اس پیکج کی 80 فیصد سے زائد رقم برطانیہ میں خرچ کی جائے گی، جس سے مقامی دفاعی صنعت اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کو بھی فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔