پولیس افسران کے تبادلے،سائبر سکیورٹی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) نیشنل کرائم کنٹرول انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) اور قطر کی نیشنل سائبر سکیورٹی ایجنسی کے درمیان تعاون بڑھانے اور پولیس افسران کے تبادلے کے پروگرام کو وسعت دینے پر اتفاق ہوا ہے۔ قطر پاکستان میں جدید فائرنگ رینج بھی تعمیر کرے گا۔قطر کے وزیر داخلہ اور داخلی سلامتی فورس (لخویا) کے کمانڈر شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے اسلام آباد میں وزارت داخلہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ون آن ون ملاقات کی۔ اس موقع پر وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے۔وزارت داخلہ کے مطابق دونوں وزرائے داخلہ نے پاک قطر تعلقات مزید مضبوط بنانے اور انہیں نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں پولیس افسران کے تبادلے کے پروگرام کا دائرہ کار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر قطر کی نیشنل سائبر سکیورٹی ایجنسی اور پاکستان کی این سی سی آئی اے کے درمیان تعاون بڑھانے جبکہ دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے مابین رابطہ کاری بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں قطر نیشنل پولیس اکیڈمی میں جدید فائرنگ رینج تعمیر کی جائے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ قطری ہم منصب کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے اینٹی نارکوٹکس فورس کو جدید سکینرز فراہم کرنے پر قطر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کی متعلقہ ایجنسیوں کے درمیان مشترکہ آپریشنز اور معلومات کا تبادلہ جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور قطر کے مشترکہ تعاون سے گزشتہ چار سال کے دوران منشیات کے 300 کیسز پکڑے گئے۔ پاکستان چاہتا ہے کہ اس کی سرزمین منشیات کی سمگلنگ کے لیے ہرگز استعمال نہ ہو۔محسن نقوی نے کہا کہ سائبر کرائم ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے جس کی روک تھام کے لیے پاکستان بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔قطر کے وزیر داخلہ اور داخلی سلامتی فورس کے کمانڈر شیخ خلیفہ بن حمد نے کہا کہ دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان باہمی تعاون مثالی ہے جسے مزید مضبوط اور وسیع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے پاکستان اور قطر کے تعلقات کو نئی جہت دی جا سکتی ہے اور اس مقصد کے لیے قطر کی ٹیم ہر وقت تعاون کے لیے تیار ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فائرنگ رینج کی تعمیر میں تعاون پر اپنے قطری ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں پاکستان میں قطر کے سفیر اور قطری وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔