مختلف واقعات نے مقاصد سے دور کر دیا جنہیں حاصل کرنے کا خواب بچپن میں دیکھا تھا،انٹرویو
ممبئی ( آن لائن) بھارتی اداکارہ اور میڈیا شخصیت راکھی ساونت اپنی زندگی کے تلخ تجربات اور ادھورے خوابوں کا ذکر کرتے ہوئے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور انٹرویو کے دوران آبدیدہ ہو گئیں۔ اداکارہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں پیش آنے والے مختلف واقعات نے انہیں ان مقاصد سے دور کر دیا جنہیں حاصل کرنے کا خواب انہوں نے بچپن میں دیکھا تھا۔ایک حالیہ انٹرویو میں راکھی ساونت نے اپنے بچپن، شادی، خاندان اور بالی ووڈ میں کامیابی کے عزائم کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔انہوں نے بتایا کہ بچپن میں وہ شادی اور بچوں کی روایتی زندگی گزارنے کے بجائے اپنی الگ پہچان بنانا چاہتی تھیں، تاہم اب ماضی پر نظر ڈالتی ہیں تو انہیں احساس ہوتا ہے کہ زندگی میں شادی اور خاندان کی بھی اپنی اہمیت ہے۔اداکارہ نے بالی ووڈ میں اپنے سفر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فلمی دنیا میں کئی خواب لے کر قدم رکھا تھا، لیکن وہ اپنی تمام خواہشات پوری نہیں کر سکیں۔راکھی ساونت کے مطابق والدہ کی بیماری، ازدواجی مسائل اور قریبی لوگوں کی جانب سے ملنے والے دھوکوں سمیت متعدد تلخ تجربات نے ان کی زندگی کا رخ بدل دیا۔انہوں نے کہا کہ بچپن میں انسان اپنے مستقبل کے بارے میں بہت سے خواب دیکھتا ہے، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ذمہ داریاں اور اچانک پیش آنے والے مسائل اسے مختلف سمتوں میں لے جاتے ہیں۔اپنی زندگی کے گزرے ہوئے حالات اور ادھورے رہ جانے والے خوابوں کا ذکر کرتے ہوئے راکھی ساونت جذباتی ہو گئیں اور روتے ہوئے کہا کہ ’’میری تو زندگی برباد ہو گئی۔ان کے اس جذباتی بیان نے انٹرویو کو خاصا توجہ طلب بنا دیا۔