کمیشن غیرقانونی طور پر سونا نکالنے والے افراد، نیٹ ورکس اور مافیاز کی نشاندہی کرے گا
پشاور(آئی این پی )گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے میں سونے کی غیرقانونی کان کنی کی تحقیقات کے لئے 6 رکنی انکوائری کمیشن تشکیل دیدیا، جو 45 دن میں اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔محکمہ داخلہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) اسداللہ چمکنی ہوں گے۔ کمیشن کے ارکان میں بیرسٹر یاسین رضا اور ڈی آئی جی شیر اکبر خان شامل ہیں، جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ صحت واصف رحمن، انجینئر زیارت خان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ارکان بھی کمیشن کا حصہ ہوں گے۔اعلامیے کے مطابق کمیشن کوہاٹ، نوشہرہ اور کرک سمیت متاثرہ اضلاع میں سونے کی غیرقانونی کان کنی کی انکوائری کرے گا۔ کمیشن غیرقانونی طور پر سونا نکالنے والے افراد، نیٹ ورکس اور مافیاز کی نشاندہی بھی کرے گا۔