پشاور ہائیکورٹ نے سونے کی کان کنی میں مرکری کے استعمال پر پابندی لگا دی

پشاور(آئی این پی)پشاور ہائیکورٹ نے کوہاٹ میں سونے کی کان کنی کے لیے مرکری(کیمیکل)کے استعمال پر پابندی عائد کر دی۔کوہاٹ میں سونے کی کان کنی میں مرکری(کیمیکل)کے استعمال کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں دائردرخواست پر سماعت چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی۔ درخواست گزار سابق ایم پی اے امجد خان آفریدی وکوہاٹ کے دیگر کی جانب سے کیس کی پیروی نعمان محب اللہ کاکا خیل نے کی۔ انہوں نے عدالت کوبتایا کہ کوہاٹ میں سونے کی کان کنی کے دوران مرکری (کیمیکل) استعمال کی جاتی ہے جس کے جلانے سے نہ صرف ماحولیاتی مسائل پیدا ہورہے ہیں بلکہ اس کا فضلہ دریائے سندھ میں گرایاجاتا ہے جس سے پانی بھی آلودہ ہورہا ہے جبکہ یہ ملحقہ زرعی زمینوں کو بھی خراب کررہی ہے۔پشاور ہائی کورٹ نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد کان کنی میں مرکری(کیمیکل)کے استعمال پر پابندی عائد کر دی اور اگلی پیشی پر محکمہ معدنیات کے حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کرلیا۔