کسی بھی ملک کو مشترکہ قدرتی وسائل کو دبا ئوڈالنے یا سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی
نیویارک(آئی این پی )پاکستان نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ اورغیر قانونی طور پر معطل کرنے کے اقدام اور پاکستان کی طرف آنے والے دریائوں کا پانی روکنے کی دھمکیوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مشترکہ قدرتی وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کرنا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی، 24 کروڑ سے زائد افراد کے روزگار اور فلاح و بہبود کیلئے خطرہ اور علاقائی امن و استحکام کے منافی ہے۔ان خیالات کااظہار اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے سلامتی کونسل کے رکن ملک لائبیریا کے زیر اہتمام قدرتی وسائل اور تنازعات، روک تھام اور امن کے لئے تعاون کا فروغ کے موضوع پر منعقدہ آریا فارمولا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔عثمان جدون نے کہا کہ مستقل ثالثی عدالت نے 31 اگست 2026 کے اپنے فیصلے میں اس بات کی توثیق کی ہے کہ سندھ طاس معاہدہ بدستور نافذ العمل ہے اور بھارت اس کے تحت اپنی ذمہ داریوں کا پابند ہے۔انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی ملک کو مشترکہ قدرتی وسائل کو بین الاقوامی قانون اور معاہداتی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دبا ئوڈالنے یا سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔