حادثہ بسول، اورماڑہ کے مقام پر پیش آیا‘بس تربت سے کراچی جا رہی تھی‘آگ لگنے سے27مسافر جھلس کر زخمی ہو گئے‘ہسپتال داخل
کوئٹہ (آئی این پی)بلوچستان میں مکران کوسٹل ہائی وے پر مسافر بس اور باوزر میں تصادم کے بعد آگ بھڑکنے کے نتیجے میں خاتون اور بچے سمیت 10افراد جاں بحق اور27زخمی ہوگئے۔جا ں بحق ہونے والوں میں بس کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر شامل ہیں۔پولیس کے مطابق حادثہ بسول، اورماڑہ کے مقام پر پیش آیا جہاں تربت سے کراچی جانے والی مسافر کوچ اور ایل پی جی بازر آپس میں ٹکرا گئے، تصادم کے فورا بعد دونوں گاڑیوں میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث متعدد مسافر جھلس کر زخمی ہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور کوسٹل ہائی وے پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔حادثے کے باعث مکران کوسٹل ہائی وے پر ٹریفک معطل ہوگئی جبکہ سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔