پاکستان میں کئی سال کی بے یقینی کا خاتمہ، معیشت مستحکم ہو رہی ہے: بلوم برگ

 فیلڈ مارشل عاصم منیر کے امریکہ کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی کوششوں سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا:  پاکستانی معیشت پر رپورٹ 
واشنگٹن (آئی این پی )عالمی جریدے بلومبرگ نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت دوبارہ مستحکم ہو رہی ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے امریکا کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی کوششوں سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے، ان کی مدت میں 2030 تک توسیع سے ملک میں استحکام کی توقع مزید بڑھی ہے۔ یہ بات  بلومبرگ کی  پاکستانی معیشت کے حوالے سے جاری رپورٹ  میں کہی گئی ہے ۔رپورٹ  میں کہا گیا ہے کہ ملک میں کئی سال کی بے یقینی کا خاتمہ ہوا ہے، عوام شیئرز مارکیٹ پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز اور فچ نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری ظاہر کی، دونوں نے وزیراعظم کے بہتر مالی انتظام اور اصلاحاتی اقدامات کو سراہا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ اسٹاک مارکیٹ میں رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں 36 ہزار نئے ٹریڈنگ اکائو نٹس کھولے گئے، اکتوبر میں پاکستان اسٹاک ایکس چینج کا یومیہ کاروبار 20 کروڑ ڈالر سے بڑھ گیا۔