وزارت موسمیاتی تبدیلی، وزارت منصوبہ بندی اور این ڈی ایم اے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے مربوط منصوبہ سازی کریں
پاکستان ترقی پذیر ملک، ہر تیسرے سال موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات پر جی ڈی پی کا خاطر خواہ حصہ خرچ کرنا پڑتا ہے:شہبازشریف کی اجلاس میں گفتگو
پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کا مسلسل انعقاد ملک کے مثبت تشخص اور امن و استحکام کا ثبوت ہے: شہباز شریف ‘ پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں ظہرانہ
اسلام آباد(آئی این پی )وزیرِ اعظم شہباز شریف نے آئندہ برس مون سون کے نقصانات سے بچائو کیلئے ابھی سے حفاظتی تیاریوں کی ہدایت کی اور وزراتِ موسمیاتی تبدیلی کی قلیل المدتی منصوبے کی منظوری دے دی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچا کی حکومتی حکمت عملی پر جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس کو آئندہ برس مون سون کے حوالے سے عالمی اشاریوں پر بریفنگ دی گئی اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے قلیل، وسط اور طویل مدتی منصوبوں پر بھی تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔شہباز شریف نے پیش کردہ قلیل مدتی منصوبے کی منظوری دی اور فوری عملدرآمد کا حکم دیا، اور کہا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی، وزارت منصوبہ بندی اور این ڈی ایم اے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے مربوط منصوبہ سازی کریں۔وزیراعظم نے پانی کے بہتر انتظام کیلئے قومی سطح پر منصوبہ سازی کیلئے نیشنل واٹر کونسل کے اجلاس کی تیاری کی بھی ہدایت کی۔دوران اجلاس وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ترقی پذیر ملک ہے اور ہر تیسرے سال موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات پر جی ڈی پی کا خاطر خواہ حصہ خرچ کرنا پڑتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قیمتی و محدود وسائل ترقی کی بجائے موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچا ئوپر استعمال ہوتے ہیں اور پاکستان جس کا موسمیاتی تبدیلی میں کردار نہ ہونے کے برابر ہے، اس کے اثرات کی لپیٹ میں ہے۔دریں اثناء شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کا مسلسل انعقاد ملک کے مثبت تشخص اور امن و استحکام کا ثبوت ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے وزیراعظم ہائو س اسلام آباد میں سہہ فریقی سیریز میں شریک پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا ۔اس موقع پر وزیر اعظم کاکہناتھا کہ پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں نے پاکستان میں ہونے والے ٹرائی نیشن سیریز میں شرکت کرکے جس جذبے، مہارت اور لگن مظاہرہ کیا، وہ قابلِ ستائش ہے ۔ تمام کھلاڑی اپنے اپنے ملک کی بہترین نمائندگی کر رہے ہیں، وزیراعظم کاکہناتھاکہ میچز میں کھلاڑیوں کے اسپورٹس مین اسپرٹ اور باہمی احترام کی ایسی مثال قائم کریں جو نوجوان نسل کیلئے مشعلِ راہ ہو، وزیراعظم نے کہا چئیر مین کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی سربراہی میں سیریز کے تمام میچز کو بہترین انتظامات، موثر حکمتِ عملی اور اعلی پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ کامیابی سے منعقد کر رہے ہیں ۔ جاری ٹرائی نیشن سیریز سے کرکٹ کے شائقین کو اعلی درجے کا کھیل دیکھنے کو ملے گا ، وزیراعظم نے کہا امید ہے کہ تینوں ممالک کے درمیان کرکٹ کے ذریعے دوستی اور باہمی تعاون مزید مضبوط ہوگا، اور پاکستان آئندہ بھی دنیا بھر کی ٹیموں کی اسی طرح میزبانی کرتا رہے گا