پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تاریخ ساز اضافہ، 100 انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تاریخ ساز اضافہ، 100 انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

ویب ڈیسک:پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج ایک اور تاریخ رقم ہوئی، جب 100 انڈیکس نے ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح کو چھو لیا۔

کاروباری ہفتے کے تیسرے روز اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھنے کو ملا، اور ایک موقع پر 100 انڈیکس 444 پوائنٹس کے اضافے سے 96 ہزار 345 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔یہ نئی بلند ترین سطح گزشتہ روز کے 96 ہزار 36 پوائنٹس کے ریکارڈ کو مزید مستحکم کرتی ہے، جب کہ گزشتہ دنوں بھی اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل ترقی دیکھنے کو ملی۔ کاروباری ہفتے کے دوسرے روز 100 انڈیکس میں 860 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا، اور یہ 95 ہزار 856 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔پیر کے روز کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 94 ہزار 995 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، اور اس دن 37 کروڑ 78 لاکھ شیئرز کا لین دین ہوا، جن کی مالیت 19 ارب 37 کروڑ 58 لاکھ 54 ہزار 288 روپے تھی۔اس اضافے کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی خوشحالی کے ایک نئے دور کی علامت قرار دیا جا رہا ہے، جس نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے اور پاکستان کی معیشت کے لئے امید کی نئی روشنی فراہم کی ہے۔