سموگ میں کمی: لاہور اور ملتان کے تعلیمی ادارے آج کھلیں گے

صبح پونے9بجے سے پہلے کوئی سکول نہیں کھلے گا‘طلبہ اور اساتذہ کیلئے ماسک لازمی‘کھیلوں پر پابندی ہوگی
 پنجاب بھر میں درجنوں فیکٹریاں اور کارخانے سیل کر دیئے گئے ہیں:مریم اورنگزیب کی میڈیا سے گفتگو

لاہور(سپیشل رپورٹر‘ایجنسیاں) سموگ کی شدت میں کمی کے باعث پنجاب بھر کی طرح لاہور اور ملتان میں بھی تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔محکمہ ماحولیات نے تعلیمی ادارے کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، تمام تعلیمی ادارے 20 نومبر 2024 سے کھلیں گے، فزیکل کلاسز کے ساتھ تدریسی عمل بحال ہوگا۔نوٹیفکیشن کے مطابق سکول کھلنے کا وقت صبح پونے 9 بجے سے پہلے نہیں ہوگا، طلبہ اور اساتذہ کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔محکمہ ماحولیات کے نوٹیفکیشن کے مطابق سکولوں میں بیرونی کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔نوٹیفکیشن میں ٹریفک کے دباؤ سے بچنے کے لیے کلاس وائز سکول کی چھٹی کا وقت متعین کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے  4 روز میں پنجاب بھر میں درجنوں فیکٹریاں اور کارخانے سیل کر دیئے گئے۔  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  انہوں نے کہا  لاہور سمیت پنجاب میں اینٹی اسموگ گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ اور پنجاب میں آلودگی کا سبب بننے والے درجنوں بھٹے مسمار کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ آلودگی پھیلانے والے صنعتی یونٹس مسمار کیے گئے ہیں۔  گرین لاک ڈائون والے علاقوں میں سیف سٹی کیمروں سے نگرانی جاری ہے۔ اور لاہور کی شاہراہوں پر پانی کا چھڑکاو کیا جا رہا ہے۔