عیدالاضحیٰ کے موقع پر بجلی کی لوڈشیڈنگ سے متعلق اعلان

عیدالاضحیٰ کے موقع پر بجلی کی لوڈشیڈنگ سے متعلق اعلان

عیدالاضحیٰ کے موقع پر لاہور کے شہریوں کے لیے خوشخبری سامنے آ گئی ہے، جہاں لیسکو نے عید کے دنوں میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکام کے مطابق شدید گرمی اور بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کے باوجود شہریوں کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ عید کی خوشیاں بغیر کسی رکاوٹ کے منا سکیں۔چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران لیسکو کے تمام علاقوں میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔ ان کے مطابق ادارہ بجلی کی مسلسل فراہمی کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ اوور بلنگ، بجلی چوری اور نئے کنکشنز میں تاخیر جیسے مسائل کے خاتمے کے لیے بھی مؤثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔

سی ای او لیسکو کے مطابق خراب یا اوورلوڈنگ سے متاثرہ ٹرانسفارمرز کو فوری تبدیل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ فیلڈ اسٹاف کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔عید کے موقع پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی شہریوں کے لیے اہم ریلیف قرار دی جا رہی ہے۔