ناروے میں صحافی کے سوال نے بھارتی وزیراعظم مودی کو شرمندہ کردیا، ویڈیو وائرل

ناروے میں صحافی کے سوال نے بھارتی وزیراعظم مودی کو شرمندہ کردیا، ویڈیو وائرل

ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں ایک مشترکہ پریس بریفنگ کے دوران ھارتی وزیراعظم مودی کو اس وقت غیر معمولی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب ایک خاتون صحافی نے آزاد میڈیا اور بنیادی حقوق سے متعلق سخت سوالات اٹھا دیے۔

رپورٹس کے مطابق ناروے کے وزیراعظم کے ساتھ مشترکہ بریفنگ کے اختتام پر مودی بغیر سوالات لیے روانہ ہونے لگے، جس پر ناروے کی صحافی ہیلے لنگ نے بلند آواز میں سوال کیا کہ بھارتی وزیراعظم آزاد میڈیا کا سامنا کیوں نہیں کرتے۔عینی شاہدین کے مطابق صحافی نے دوبارہ سوال کرنے کی کوشش کی، تاہم اسی دوران وزیراعظم وہاں سے روانہ ہوگئے اور لفٹ کا دروازہ بند ہو گیا۔بعد ازاں بھارتی وزارت خارجہ کی بریفنگ کے دوران بھی میڈیا آزادی اور انسانی حقوق کے حوالے سے سوالات پر تلخ ماحول دیکھنے میں آیا۔ صحافی نے بھارت میں بنیادی حقوق کی صورتحال پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایسے حالات میں ناروے بھارت پر کیسے اعتماد کرے گا۔

رپورٹس کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے براہ راست جواب دینے کے بجائے اگلا سوال لے لیا، جس پر خاتون صحافی بریفنگ روم سے باہر چلی گئیں۔بعد میں صحافی ہیلے لنگ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں پہلے ہی توقع تھی کہ ان کا سوال نہیں لیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ناروے ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس میں پہلے نمبر پر ہے جبکہ بھارت کا درجہ 157 ویں نمبر پر ہے۔یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے اور صارفین کی جانب سے میڈیا آزادی اور جمہوری اقدار پر بحث جاری ہے۔