ناشتے میں پراٹھا، انڈے، چائے، حلوہ اور ٹوسٹ، دوپہر کو بریانی، قورمہ، دال، چاول اور سلاد شامل ہیں
رات کو چکن، سبزی، قیمہ، دال ، دیگر پاکستانی ڈشز ، جوس، لسی، پانی اور پھل بھی فراہم : ترجمان مذہبی امور
اسلام آباد(آن لائن)پاکستانی سرکاری حج اسکیم کے عازمین حج کے کھانوں پر 1086 کروڑ روپے سے زائد خرچ کیے جا رہے ہیں اور پاکستانی عازمین حج کے کھانوں پر مجموعی اخراجات 14 کروڑ 48 لاکھ سعودی ریال سے تجاوز کر گئے ہیں۔وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے ایک لاکھ 19 ہزار 210 عازمین کے لیے خصوصی فوڈ پلان کے تحت کھانا فراہم کیا جا رہا ہے ‘41 ہزار 467 عازمین 22 روزہ جبکہ 77 ہزار 743 عازمین 40 روزہ حج پروگرام میں شامل ہیں۔پرائیویٹ حج اسکیم کے 60 ہزار عازمین کے کھانے کے اخراجات اس کے علاوہ ہوں گے۔ ہر روز عازمین حج کو 36 سعودی ریال یعنی تقریباً 2700 پاکستانی روپے مالیت کا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے ۔ کم دورانیے کے ہر عازم کے کھانے پر مجموعی طور پر 792 سعودی ریال خرچ کیے جا رہے ہیں ۔792 سعودی ریال پاکستانی کرنسی میں تقریباً 59 ہزار 400 روپے بنتے ہیں۔کم دورانیے کے عازمین کے کھانوں پر مجموعی طور پر 3 کروڑ 28 لاکھ ریال یا تقریباً 246 کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔طویل دورانیے کے ہر عازم کے کھانے پر مجموعی طور پر 1440 سعودی ریال خرچ کیے جا رہے ہیں۔1440 سعودی ریال پاکستانی کرنسی میں تقریباً ایک لاکھ 8 ہزار روپے بنتے ہیں۔طویل دورانیے کے عازمین کے کھانوں پر مجموعی طور پر تقریباً 839 کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔پاکستانی عازمین کو اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں سستا اور معیاری کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔ سعودی عرب میں پاکستانی عازمین کو روزانہ تین وقت تازہ اور گرم کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔ناشتے میں پراٹھا، انڈے، چائے، حلوہ اور ٹوسٹ مینیو کا حصہ ہے جبکہ دوپہر کے کھانے میں بریانی، قورمہ، دال، چاول اور سلاد شامل ہیں۔رات کو چکن، سبزی، قیمہ، دال اور دیگر پاکستانی ڈشز پیش کی جا رہی ہیں۔ہر کھانے کے ساتھ جوس یا لسی، پانی اور پھل بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔ترجمان مذہبی امورکے مطابق کھانا پاکستانی شیف اور تربیت یافتہ عملہ تیار کر رہا ہے۔کھانے کی تیاری میں صفائی، معیار اور غذائیت کا خصوصی خیال رکھا جا رہا ہے۔حج مشن کی نگرانی میں روزانہ ہزاروں عازمین تک کھانا پہنچایا جا رہا ہے۔