وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوروز 20 مارچ 2026 کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستان میں مقیم پارسی برادری سمیت دنیا بھر میں یہ تہوار منانے والوں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوروز بہار کی آمد، نئے آغاز اور امید کی علامت ہے، جو امن، محبت، دوستی اور ہم آہنگی کا پیغام دیتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ تہوار مختلف ثقافتوں کے درمیان یکجہتی کو فروغ دیتا ہے اور پاکستان کے قومی تشخص کے ساتھ اس کی گہری مطابقت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ثقافتی تنوع کا احترام، مذہبی آزادی کا تحفظ اور پُرامن بقائے باہمی جیسی اقدار بنیادی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئین پاکستان تمام شہریوں کو اپنی مذہبی عبادات کی مکمل آزادی فراہم کرتا ہے۔محمد شہباز شریف نے بتایا کہ حکومت بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں “پالیسی برائے بین المذاہب ہم آہنگی (2025)” اور “حکمت عملی برائے مذہبی رواداری (2025)” جیسے جامع منصوبے متعارف کرائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان پالیسی اقدامات کا مقصد مختلف مذاہب کے درمیان مکالمے کو فروغ دینا، تنازعات کے حل کا مؤثر نظام قائم کرنا، نفرت انگیز تقاریر کی روک تھام اور مشترکہ انسانی اقدار کو اجاگر کرنا ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں موجود تمام مذاہب کے پیروکاروں کی حفاظت، ان کی عبادت گاہوں اور مذہبی ورثے کی دیکھ بھال حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت، میڈیا، تعلیمی ادارے، سول سوسائٹی اور مذہبی رہنما باہمی تعاون کے ذریعے احترام، برداشت اور افہام و تفہیم کی فضا کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہے ہیں۔آخر میں انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ باہمی ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور مشترکہ خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کی تجدید کریں۔