فائیو جی سروس کا آغازصنعت، زراعت اور آئی ٹی سیکٹر میں ترقی کے نئے دروازے کھولے گا شہبازشریف

چین اور پاکستان کی دوستی ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھی نمایاں ہے ‘فائیو جی کا اجرا ء اس تعاون کی ایک اہم جھلک ہے‘ حکومت ملک بھر میں جدید ٹیکنالوجی کی سہولیات کی فراہمی  یقینی بنائے گی  : تقریب سے خطاب
پاکستان میں پہلی بار فائیو جی سروس متعارف کرانا ایک اہم سنگ میل ہے، جو وزیراعظم کی قیادت میں ٹیم ورک کا نتیجہ ہے‘ر آئندہ چند دنوں میں انٹرنیٹ کے مجموعی معیار میں نمایاں بہتری متوقع ہے:وزیر مملکت شیز ا فاطمہ
اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے  ملک میں فائیو جی سپیکٹرم لائسنسوں کا اجرا جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کی جانب ایک تاریخی قدم ہے، جو صنعت، زراعت اور آئی ٹی سیکٹر میں ترقی کے نئے دروازے کھولے گا۔وفاقی دارالحکومت میں فائیو جی سپیکٹرم لائسنسوں کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس عمل کو انتہائی شفاف انداز میں مکمل کیا گیا ہے، اور درپیش قانونی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے پر پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے ٹیلی کام کمپنیوں بالخصوص زونگ اور دیگر شراکت داروں کی کاوشوں کو بھی سراہا۔وزیراعظم نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھی نمایاں ہے اور فائیو جی کا اجرا اس تعاون کی ایک اہم جھلک ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت ملک بھر میں جدید ٹیکنالوجی کی سہولیات کی فراہمی  یقینی بنائے گی تاکہ نوجوان مصنوعی ذہانت سمیت جدید شعبوں سے فائدہ اٹھا کر عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کریں۔اس موقع پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے چیئرمین نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں موبائل ٹیکنالوجی کی ترقی کا آغاز 1990 کی دہائی میں ہوا، جبکہ 2024 سے 2025 کے دوران سپیکٹرم کی چار بڑی نیلامیاں کی گئیں۔ ان کے مطابق مجموعی طور پر 480 میگا ہرٹز سپیکٹرم شفاف انداز میں نیلام کر کے لائسنس جاری کیے گئے، جس سے پاکستان خطے میں سپیکٹرم کی استعداد کے حوالے سے نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے۔وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار فائیو جی سروس متعارف کرانا ایک اہم سنگ میل ہے، جو وزیراعظم کی قیادت میں ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں کو بہتر فور جی سروسز کی فراہمی کے لیے بھی  اقدامات جاری ہیں اور آئندہ چند دنوں میں انٹرنیٹ کے مجموعی معیار میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔تقریب میں یہ بھی بتایا گیا کہ متعلقہ اداروں اور سیکیورٹی قیادت کی مکمل معاونت سے یہ اہم قومی منصوبہ کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچا، جو ملک میں ڈیجیٹل ترقی کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔