عامر خان نے فلمی سین کو پرفیکٹ بنانے کے لیے اپنی جان داؤ پر لگا دی

عامر خان نے فلمی سین کو پرفیکٹ بنانے کے لیے اپنی جان داؤ پر لگا دی

عامر خان نے اپنی فلم ’’غلام‘‘ کے ایک خطرناک سین کی شوٹنگ کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال دی تھی۔

 معروف ہدایت کار وکرم بھٹ نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ عامر خان نے ٹرین کے ایک ایکشن سین کو فلمی پرفیکشن کے لیے اتنی شدت سے کیا کہ وہ اپنی زندگی کو داؤ پر لگا چکے تھے۔1998 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’غلام‘‘ میں عامر خان اور رانی مکھرجی نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، اور اس فلم کے ایک خطرناک سین میں عامر خان نے خود ٹرین کے نیچے چھلانگ لگانے کا فیصلہ کیا تھا، حالانکہ وکرم بھٹ نے اس سین کو وی ایف ایکس سے کرنے کی تجویز دی تھی۔عامر خان نے اس منظر کے لیے ٹرین کے ڈرائیور سے بات کی اور ابتدائی طور پر اسے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلانے کو کہا، مگر بعد میں اس رفتار کو 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھانے کی ہدایت دی۔ ہدایت کار نے اس پر تشویش کا اظہار کیا، مگر عامر خان کی ضد اور جذبے کے سامنے ہار مان لی۔

شوٹنگ کے دوران جب ٹرین کی رفتار 40-45 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی تو یہ لمحہ آیا کہ عامر خان اور ٹرین کے درمیان محض ایک سیکنڈ کا فرق تھا۔ اس موقع پر، اگر ایک سیکنڈ کا فرق آ جاتا تو یہ ایک بڑے حادثے کا سبب بن سکتا تھا، اور وکرم بھٹ نے فوٹیج کا تجزیہ کرکے تصدیق کی کہ یہ واقعتاً ایک سنسنی خیز لمحہ تھا۔اس واقعے کو یاد کرتے ہوئے وکرم بھٹ نے کہا کہ عامر خان نے شوٹنگ کے بعد مذاق کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر میں ہدایت کار ہوتا تو کسی اداکار کو یہ اسٹنٹ کرنے کی اجازت نہیں دیتا!‘‘ یہ سن کر وکرم بھٹ بہت حیران ہوئے اور سوچا کہ عامر خان کتنے پرفیکشنسٹ اور بے خوف انسان ہیں۔اب وکرم بھٹ کی نئی فلم ’’تم کو میری قسم‘‘ 21 مارچ 2025 کو ریلیز ہونے والی ہے، جس میں ایشا دیول، ادا شرما، انوپم کھیر اور اشوک سنگھ اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔