محکمہ موسمیات نے پاکستان کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
لاہور میں سورج کی کرنیں تیز ہیں اور ہوا کا فقدان ہے جس کی وجہ سے گرمی کا احساس بڑھ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، لیکن فی الوقت بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ لاہور فضائی آلودگی کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر آ گیا ہے، جہاں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 156 ریکارڈ کی گئی ہے۔ موسم کی تبدیلی کے سبب مچھروں کی افزائش میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، اور شہریوں کو مچھر مار سپرے کروانے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ دیر، سوات، شانگلہ، ہری پور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، اور پشاور میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ کوہاٹ، کرک، باجوڑ، کرم، مالاکنڈ، وزیرستان اور گردونواح میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
پنجاب کے بالائی وسطی اضلاع میں بھی جزوی ابر آلود موسم رہنے کا امکان ہے، اور گجرات، گوجرانوالہ، راولپنڈی، چکوال، جہلم، تلہ گنگ، میانوالی اور گردونواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ مری، گلیات اور گردونواح میں بھی جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ ہلکی بارش یا بونداباندی متوقع ہے۔سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، جبکہ زیریں اضلاع میں گرمی کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، تاہم شمالی اضلاع میں جزوی ابر آلود موسم رہنے کا امکان ہے۔ کشمیر میں بھی جزوی ابر آلود موسم رہے گا اور چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش یا بونداباندی ہو سکتی ہے۔ گلگت بلتستان میں موسم خشک رہنے کے ساتھ ساتھ مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔