5 منٹ کی ویڈیو کال پر طے ہونے والی شادی، چینی دولہا نے 9 دن بعد طلاق دائر کر دی

5 منٹ کی ویڈیو کال پر طے ہونے والی شادی، چینی دولہا نے 9 دن بعد طلاق دائر کر دی

چین کے مشرقی صوبے ژی جیانگ سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ شخص گو نے ایک حیران کن واقعے میں صرف 5 منٹ کی ویڈیو کال کے بعد ہونے والی شادی کے چند دن بعد ہی طلاق کی درخواست دائر کر دی ہے۔

رپورٹس کے مطابق گو نے ایک میچ میکنگ سینٹر میں 200 یوان ادا کر کے رجسٹریشن کروائی، جہاں اس کی ملاقات شمال مغربی صوبے شانشی سے تعلق رکھنے والی 30 سالہ خاتون سے کرائی گئی۔خاتون کے بارے میں بتایا گیا تھا کہ وہ بے قرض، صحت مند اور کسی مجرمانہ ریکارڈ سے پاک ہے اور دور رہ کر شادی اور فوری رشتہ قبول کرنے پر آمادہ ہے۔ ویڈیو کال کے دوران زیادہ تر سوالات کے جوابات میچ میکر کی جانب سے دیے گئے، جبکہ دونوں کے درمیان مختصر گفتگو ہوئی۔بعد ازاں دونوں نے آمنے سامنے ملاقات کیے بغیر شادی کا فیصلہ کیا، جس پر مجموعی طور پر تقریباً 2 لاکھ 65 ہزار یوان خرچ ہوئے، جن میں دلہن کے لیے رقم اور میچ میکنگ فیس شامل تھی۔ شادی کو تین دن میں رجسٹر بھی کر لیا گیا۔تاہم شادی کے بعد صورتحال تیزی سے بگڑ گئی۔ گو کے مطابق اسے معلوم ہوا کہ خاتون کے نام پر 1 لاکھ یوان کا قرض موجود ہے، جبکہ خاتون نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ قرض اس کے سابق بوائے فرینڈ کا ہے۔ مزید یہ بھی سامنے آیا کہ اس کے موبائل پیمنٹ اکاؤنٹ پر درج نام مختلف تھا۔

بعد میں خاتون نے صحت کے مسائل اور جگر کے کمزور ہونے کا بھی اعتراف کیا، جس کے بعد گو نے شادی کے صرف 9 دن بعد عدالت سے طلاق کے لیے رجوع کر لیا۔خاتون نے اس فیصلے پر ذہنی دباؤ کا دعویٰ کرتے ہوئے 50 ہزار یوان معاوضے کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ میچ میکنگ سینٹر نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوڑا اس تنازع کو خود ساختہ بنا رہا ہے۔