نائجر کے ہوئی اڈے پر دھماکے‘فائرنگ، حملہ آوروں سمیت 35 افراد ہلاک

ہلاک ہونے والوں میں 22 حملہ آور، 11 فوجی اور دو عام شہری شامل، چار حملہ آور زخمی، 20 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا
 نیامی  (آئی این پی )نائجر کے حکام  نے کہا ہے کہ  ملک کے سب سے بڑے ہوائی اڈے پر مسلح افراد کے حملے میں 35 افراد ہلاک ہو گئے ۔مسلم اکثریتی  ملک کے رہائشیوں نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ اپنی صبح کی نماز ابھی ختم ہی کر رہے تھے کہ دارالحکومت نیامی میں واقع دیوری ہامانی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں۔نائجر کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں 22 حملہ آور، 11 فوجی اور دو عام شہری شامل ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ چار حملہ آور زخمی بھی ہیں جبکہ 20 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ آر پی جی-7 لانچرز، اے کے-47 رائفلیں، دھماکہ خیز مواد، گرینیڈ، مواصلاتی آلات اور ہزاروں رانڈ گولہ بارود سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔  القاعدہ سے منسلک جماعت نصرت الاسلام والمسلمین نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی۔ یہ پانچ ماہ سے بھی کم عرصے میں اس طرز کا دوسرا حملہ ہے۔اس سے قبل رواں برس جنوری میں ہوائی اڈے پر ہونے والے حملے میں چار فوجی اہلکار زخمی ہوئے تھے جبکہ 20 حملہ آور ہلاک ہوئے تھے۔