اسرائیل تشدد کے ذریعے قومی سلامتی مسائل سے نہیں نمٹ سکتا:وینس

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے  کہا  ہے  نیتن یاہو کی کابینہ کے بعض ارکان نے ڈیل پر تنقید کی ہے بعض نے تو صدر ٹرمپ پر ذاتی حملے شروع کر دیے ہیں۔انہوں نے باور کروایا کہ اسرائیل زیادہ تر ہتھیار واشنگٹن سے ہی لیتا ہے، اسرائیل کا صرف پچھلے 3 ماہ کے دوران تحفظ کرنے والے دو تہائی ہتھیار امریکیوں کے ہاتھوں تیار ہوئے تھے، ان ہتھیاروں کی قیمت امریکیوں کے ٹیکس سے ادا ہوئی۔جے ڈی وینس نے کہا  اسرائیل میں کوئی بھی شخص جو یہ سمجھتا ہے کہ اس کا بڑا مسئلہ امریکی صدر ہے تو وہ خواب غفلت سے بیدار ہو اور حقائق جانیں۔اسرائیل کے سکیورٹی اور فنانس منسٹر کو کھری کھری سناتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ آپ لوگ تشدد کا راستہ اختیار کر کے قومی سلامتی کے مسائل سے نمٹ نہیں سکتے۔