خیبر پختونخوا میں میڈیکل آفیسرز کی بھرتی کے لئے ٹیسٹ، 80 فیصد ڈاکٹر فیل

ٹیسٹ میں 115 سیٹوں کیلئے 8 ہزار 974 امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں‘ صرف 1766 امیدوار امتحان پاس کر سکے
 کنٹریکٹ پر بھرتی کیلئے  ٹیسٹ کے نتائج درست، جو امیدوار میرٹ پر پورا اترتے ہیں صرف انہیں بھرتی کیا جائے گا: صوبائی مشیرِ صحت 
پشاور (آئی این پی )خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع کے ہسپتالوں میں میڈیکل آفیسرز کی بھرتیوں کے لیے پہلی بار ایٹا ٹیسٹ لیا گیا۔میڈیارپورٹ  کے مطابق  14 جون کو منعقد ہونے والے ٹیسٹ میں 115 سیٹوں کے لیے 8 ہزار 974 امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں جن میں سے صرف 1766 امیدوار امتحان پاس کر سکے ۔ ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایویلوایشن ایجنسی کے نتائج کے مطابق 5 ہزار 664 ڈاکٹر ٹیسٹ میں فیل ہو گئے۔ صوبائی مشیرِ صحت احتشام علی نے اپنے بیان میں میڈیکل افسران کی کنٹریکٹ پر بھرتی کے لیے ہونے والے ٹیسٹ کے نتائج کو درست قرار دیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ جو امیدوار میرٹ پر پورا اترتے ہیں صرف ان ہی کو بھرتی کیا جائے گا۔اس معاملے پر حکومت نے پہلے مذاکرات کیے تھے نہ اب کوئی سمجھوتہ کرے گی۔