بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو ہار پہنائے گئے، بھارتی حکومت کی ہٹ دھرمی ،ٹیم کو پاکستان آنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا
کراچی(سپورٹس ڈیسک )پاکستان والی بال فیڈریشن کے تحت بدھ سے شروع ہونیوالی انٹرنیشنل والی بال چمپئن شپ میں شرکت کیلئے بنگلا دیشی ٹیم پاکستان پہنچ گئی۔اسلام آباد کے لیاقت جمنازیم میں شیڈول سات روزہ چیمپین شپ میں شرکت کیلئے آمد پر بنگلا دیش ٹیم کا کراچی ائیر پورٹ پر پرتپاک استقبال کیا گیا، سندھ والی بال ایسوسی ایشن کے عہدے داروں نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو پھولوں کے ہار پہنائے۔ دوسری جانب بھارتی حکومت نے ایک مرتبہ پھر ہٹ دھرمی کا ثبوت دیتے ہوئے بھارتی والی بال ٹیم کو چیمپین شپ میں شرکت کیلئے پاکستان آنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا، بھارتی والی بال فیڈریشن نے اپنی حکومت کی جانب سے اجازت نہ ملنے پر معذرت کرلی۔واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے بھارتی ٹیم کو پاکستان آنے کا اجازت نامہ جاری کردیا تھا جبکہ بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن نے بھی بھارتی والی بال ٹیم کو پاکستانی ویزوں کے اجرا پر رضامندی ظاہر کی تھی۔سینٹرل ایشین والی بال ایسوسی ایشن مینز(سی اے وی اے) والی بال چیمپین شپ 29 جولائی تک کھیلی جائے گی،چیمپین شپ کے منتظمین کے مطابق بھارت کی جانب سے انکار کے بعد ازبکستان کو چیمپین شپ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔سات ٹیموں کی چیمپین شپ میں میزبان پاکستان، نیپال، کاغستان، ترغمستان، بنگلا دیش اور سری لنکا کی ٹیمیں شرکت کریں گی،چیمپین شپ کا فائنل 29 جولائی کو طے ہے۔