وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے قومی اسمبلی میں کہا ہے کہ اٹھارہویں ترمیم ناکام رہی اور یہ ڈھکوسلا ثابت ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نہ بلدیاتی نظام قائم ہوا نہ پولیس سسٹم بہتر بنایا گیا، لہٰذا ہر صوبے میں مضبوط بلدیاتی انتخابات کا نفاذ ضروری ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ عوام کی حقیقی نمائندگی کے بغیر مسائل کا حل ممکن نہیں، اور گلی محلے تک نمائندگی لانے کے لیے آئندہ آئینی ترمیم میں اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومتیں حیلے بہانوں سے بلدیاتی نظام سے بھاگتی ہیں۔ان کے خطاب کے دوران پی ٹی آئی کے ارکان نے شور شرابہ کیا، جس پر وزیر دفاع نے کہا کہ ہر پارٹی اپنے معاملات خود سنبھالے اور یاد دلایا کہ مضبوط بلدیاتی نظام ہر شہری تک پہنچنا چاہیے تاکہ ہر کوئی نمائندوں سے جواب طلب کر سکے۔