صنعتوں کیلئے بجلی کی قیمت سے کراس سبسڈی ختم کی جائے:اپٹما

دو سال میں 150 بڑے ٹیکسٹائل یونٹس بند :چیئرمین کامران ارشد کی پریس کانفرنس 
لاہور(خصوصی رپورٹ) آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما)کے چیئرمین کامران ارشد نے کہا ہے کہ صنعتوں کیلئے بجلی کی قیمت سے کراس سبسڈی ختم کی جائے ،ہمارے لئے صنعتیں چلانا مشکل ہو گیا، اگر ایسا نہ کیا گیا تو ہم چابیاں حکومت کو دینے جا رہے ہیں وہ خود صنعتیں چلا لیں، مہنگی بجلی کی وجہ سے 150 ملیں بند ہو چکیں ، لہذا حکومت فوری معاشی ایمرجنسی نافذ کرے ، اگر ایسا نا ہوا تو اگلے چھ ماہ کی ایکسپورٹ مزید کم ہو جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور اپٹما ہیڈ افس میں دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کامران ارشد نے کہا کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت زوال کی طرف جا رہی ہے 19 اعشاریہ 55 فیصد ایکسپورٹ دسمبر میں نیچے جا چکی ، ٹیکسٹائل کی ایکسپورٹ 8 فیصد کم ہوئی ،موجودہ بجلی کی قیمتوں کے ڈھانچے پر شدید تشویش ہے،پاکستان کی صنعتی بنیاد ناقابل تلافی زوال کی طرف دھکیلی جا رہی ہے، جس کی وجہ ناقابل برداشت توانائی کی لاگت اور قومی پاور ٹیرف فریم ورک میں شامل غیر مستحکم کراس سبسڈی میکانزم ہے۔