باپ ، دو بیٹوں کو نشہ آور جوس پلا کر بے ہوش کیا گیا

گلا دبا کر مارا، موبائل ایپ سے 30  لاکھ اپنے اکائونٹ میں ٹرانسفر کرلئے
مرکزی ملزم پولیو بلاک انچارج نکلا، ساتھی ملزمہ بھی پولیو ورکر، دونوں گرفتار
لاہور (کرائم رپورٹر)انویسٹی گیشن پولیس نے کاہنہ کے علاقے میں باپ سمیت دو بیٹوں کے اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے خاتون سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیااس حوالے سے ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن شاہد نواز ورائچ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے تفصیلات سے آگاہ کیاانچارج انویسٹی گیشن تھانہ کاہنہ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان اور مقتولین کے درمیان پیسوں کے لین دین کا تنازعہ چل رہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ مرکزی ملزم محکمہ صحت میں پولیو بلاک انچارج تعینات ہے جبکہ گرفتار خاتون بھی پولیو ورکر کے طور پر فرائض انجام دے رہی تھی۔ دونوں ملزمان نے باہمی ملی بھگت سے بزرگ شہری نعمان اور اس کے دو بیٹوں عمران اور کامران کو جوس میں نشہ آور گولیاں ملا کر پلا دیں۔ایس پی شاہد نواز ورائچ کے مطابق جوس پینے کے بعد تینوں افراد بے ہوش ہو گئے، جس کے بعد ملزمان نے گلا دبا کر باپ اور اس کے دونوں بیٹوں کو بے دردی سے قتل کر دیا۔ قتل کے بعد ملزمان نے مقتولین کے موبائل فونز کے ذریعے موبائل ایپ سے 30 لاکھ روپے اپنے اکاؤنٹس میں منتقل کر لیے۔پولیس کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔