منشیات لاہور، شیخوپورہ، ملتان سمیت مختلف شہروں میںسمگل کی جا رہی تھیں
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور میں آئل ٹینکر میں چھپائی گئی نو کروڑ روپے کی منشیات برآمد کرلی گئی، جس میں ایک ہزار ایک سو چالیس کلو گرام ویڈ اور افیون شامل ہے ۔ پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر موٹروے ایم ون پر کارروائی کرتے ہوئے نو کروڑ روپے کی منشیات برآمد کرلی۔ترجمان پنجاب کائو نٹر نارکوٹکس فورس کے مطابق منشیات ایک آئل ٹینکر کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھیں، جس کو برہان ریسٹ ایریا کے قریب روک کر تلاشی لی گئی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ آئل ٹینکر سے ایک ہزار ایک سو چالیس کلو گرام ویڈ اور افیون برآمد کی گئی، منشیات کی مالیت تقریبا 9 کروڑ روپے ہے۔ابتدائی معلومات کے مطابق یہ منشیات لاہور، شیخوپورہ، ملتان اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں اسمگل کی جا رہی تھیں۔اسمگلنگ میں ملوث ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا، جس کے خلاف پنجاب کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹنسز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔