غیر قانونی واٹر وسیوریج کنکشن، خزانے کو جھٹکا

  فرخ آباد سب ڈویڑن میں 139 ، شاہدرہ سب ڈویڑن میں 47 غیر قانونی کنکشن ،سروے کے احکامات جاری 
لاہور (کرائم رپورٹر) 911 غیر قانونی واٹر و سیوریج کنکشن استعمال کرنے والوں کا انکشاف ہوا ہے، واسا عملے نے املاک مالکان سے ساز باز کرکے کبھی بل ہی وصول نہیں کیا، سرکاری خزانے کو کئی دہائیوں سے نقصان پہنچایا جا رہا ہے،راوی ٹا ئون ڈائریکٹوریٹ غیر قانونی کنکشن مافیا کی سرپرستی کرنے میں سرفہرست، فرخ آباد سب ڈویڑن میں 139، شاہدرہ سب ڈویڑن میں 47 اور سٹی سب ڈویڑن میں 11 غیر قانونی کنکشنز سامنے آگئے، حنیف پارک میں 45 اور ملک پارک و احسان پارک میں 33غیر قانونی کنکشن موجود، داتا نگر سب ڈویڑن میں 21 پانی کے کنکشن غیر قانونی لگائے گئے ہیں، سنت پارک میں 24 اور مہر دین روڈ پر بھی 27 واٹر کنکشنز کی موجودگی سامنے آئی، مصری شاہ سب ڈویڑن میں 9 اور چاہ میراں اور فیض باغ میں 42 واٹر کنکشنز غیر قانونی استعمال ہورہے ہیں، کاہنہ سب ڈویڑن میں 21 کنکشن اور انڈسٹریل ایریا سب ڈویڑن میں 19 کنکشنز کا انکشاف ہوا، گرین ٹا ئون سب ڈویڑن میں 124 کنکشنز واسا کی منظوری کے بغیر لگائے گئے، فتح گڑھ سب ڈویڑن میں 32 اور گلبرگ ٹا ئون میں 98 کنکشز کو بل سرکاری خزانے میں جمع نہیں ہوتا، انارکلی سب ڈویڑن میں 18 اور راوی روڈ سب ڈویڑن میں 6 کنکشن غیر قانونی ہیں۔ ایم ڈی واسا غفران احمد نے واسا کی دیگر سب ڈویڑن میں سروے کے احکامات جاری کر دیئے۔