باکمال لوگ: پائلٹ نے جہاز غلط رن وے پر اتار دیا

 پرواز کا رخ ملتان سے لاہور موڑا گیا،پائلٹ کی اندھیرے میں لینڈنگ
 کپتان اور فرسٹ آفیسر کو گرائونڈ کرکے تحقیقات شروع کردیں، انتظامیہ
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے پائلٹ کی مبینہ غفلت و لاپروائی نے مسافروں کی جانوں کو خطرے میں ڈال دیا،ذرائع کے مطابق پائلٹ نے دمام سے ملتان آنے والی پرواز پی کے 150 طیارے کو غلط رن وے پر اتار دیا، ملتان میں موسم کی خرابی اور دھند کے باعث پرواز کا رخ لاہور ایئرپورٹ پر موڑا گیا تھا،کپتان نے مرکزی رن وے پر لینڈنگ کے بجائے رن وے نمبر 36 ایل پر جہاز کو اتار دیا، لینڈنگ کے وقت رن وے کی لائٹیں بھی آف تھیں۔سنگین غفلت و لاپروائی پر پی آئی اے انتظامیہ نے کپتان اور فرسٹ آفیسر کو گرائونڈ کرکے تحقیقات شروع کردیں۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق متعلقہ پائلٹ اور فرسٹ آفیسر کے خلاف کارروائی شروع ہو گئی ہے، انکوائری مکمل ہونے کے بعد ہی مزید ایکشن ہوگا۔