سرکاری ملازمین کا پنشن اصلاحات کے خلاف 22جنوری کو احتجاج کا اعلان

مطالبات نہ مانے گئے تو 10فروری کو پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے دھرنا ہوگا،آل گورنمنٹ ایمپلائزگرینڈ الائنس
اسلام آباد (آئی این پی)سرکاری ملازمین نے پنشن اصلاحات کے خلاف 22 جنوری کو احتجاج کا اعلان کردیا۔اسلام آباد ، پشاور اور لاہورمیں احتجاج آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے پلیٹ فارم سے کیا جائے گا ۔ مطالبات نہ مانے گئے تو دس فروری کو پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے دھرنا ہو گا ۔ایمپلائز گرینڈ الائنس کے چیف کوآرڈینیٹر رحمان علی باجوہ کے مطابق 22 جنوری کو اسلام آباد سیکرٹریٹ میں کیو بلاک سے پارلیمنٹ ہائوس تک ریلی نکالی جائے گی ۔لاہور میں ناصر باغ سے صوبائی اسمبلی یا وزیراعلیٰ ہائوس تک احتجاج کا اعلان، پشاور میں خیبرپختونخوا اسمبلی کے باہر احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔ ملازمین احتجاج کے دوران حکومت کو چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کریں گے۔ایمپلائزگرینڈ الائنس کا موقف ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر سرکاری ملازمین کا معاشی قتل منظور نہیں۔ پنشن بچائو اور حقوق بچائو تحریک مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی۔