امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ وفاقی اداروں کو ہدایت دیں گے کہ وہ خلائی مخلوق اور نامعلوم اڑن اشیاء (یو ایف اوز) سے متعلق سرکاری ریکارڈ جاری کریں۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں عوامی دلچسپی بہت زیادہ ہے اور یہ موضوع انتہائی اہم اور دلچسپ ہے۔اپنے بیان میں ٹرمپ نے پینٹاگون کے سربراہ پیٹ ہیگستھ اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایات دینے کا اعلان کیا تاکہ وہ اس حوالے سے دستیاب معلومات عوام کے سامنے لائیں۔ انہوں نے اس معاملے کو سائنسی اور قومی سطح پر بہت اہم قرار دیا۔دوسری جانب، سابق امریکی صدر باراک اوباما کے بارے میں بھی ٹرمپ نے تنقید کی، اور دعویٰ کیا کہ اوباما نے اپنی صدارت کے دوران خلائی مخلوق سے متعلق خفیہ معلومات ظاہر کیں، مگر کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا۔ اوباما نے حالیہ انٹرویو میں کہا تھا کہ کائنات کی وسعت کو دیکھتے ہوئے، زمین سے باہر زندگی کے امکانات موجود ہیں، لیکن ان کے دورِ صدارت میں ایسی کوئی شہادت سامنے نہیں آئی کہ خلائی مخلوق نے زمین سے رابطہ کیا ہو۔ انہوں نے Area 51 سے جُڑے سازشی نظریات کو بھی مسترد کیا۔
پینٹاگون کی تحقیقات اور رپورٹس سے بھی ثابت ہوا ہے کہ حالیہ برسوں میں کسی غیر زمینی ٹیکنالوجی کا سراغ نہیں ملا۔ 2024 کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ جنگ عظیم دوم کے بعد سے کی گئی تحقیقات میں کسی بھی قسم کی غیر زمینی ٹیکنالوجی یا خلائی مخلوق کے دوروں کا کوئی ثبوت نہیں ملا، اور زیادہ تر مشاہدات یا تو معمولی اشیاء یا قدرتی مظاہر سے متعلق تھے۔