چاغی میں تفتان بارڈر کے قریب زوردار دھماکہ، ایک شخص جاں بحق

اسسٹنٹ کمشنر سمیت 3 افراد زخمی   ہو گئے، علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا 
اے سی نعیم  زخمی ہونے کے باوجود  امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کرتے رہے
 کوئٹہ(آئی این پی )بلوچستان کے ضلع چاغی میں تفتان بارڈر کے قریب گیس سے بھرے بازر میں آگ لگنے کے بعد زوردار دھما کے  کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ اسسٹنٹ کمشنر تفتان سمیت 3  افراد زخمی ہو گئے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق واقعہ تفتان بارڈر کے قریب پیش آیا جہاں اچانک گیس بازر میں آگ بھڑک اٹھی۔ آگ کی شدت میں اضافے کے باعث بازر میں زور دار دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے باعث آگ کے بڑے شعلے اتنے بلند ہوئے کہ کئی کلومیٹر دور سے بھی نظر آئے۔ڈپٹی کمشنر چاغی جہانزیب شاہوانی کے مطابق دھماکے میں 4 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی مرکزِ صحت منتقل کر دیا گیا۔  جہاں ایک زخمی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔ متوفی کی شناخت منور علی کے نام سے ہوئی ۔ جبکہ دھماکے میں زخمی ہونے والے دو زخمیوں کو کوئٹہ ریفر کردیا گیا ۔انہوں نے تصدیق کی کہ اسسٹنٹ کمشنر تفتان نعیم قاسم بھی دھماکے کی زد میں آ کر زخمی ہوئے تاہم وہ زخمی ہونے کے باوجود جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں