1351 دہشتگردوں کے سروں کی قیمت 4 ارب مقرر

پشاور(خصوصی رپورٹ)خیبرپختونخوا میں ایک ہزار 351 خطرنک اور انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے جن کے سروں کی قیمت مجموعی طور پر 4 ارب 14 کرور 10 لاکھ روپے مقرر کردی گئی ہے۔ میڈیارپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی ) نے ایک ہزار 351 خطرناک اور انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست محکمہ داخلہ کو ارسال کردی۔سی ٹی ڈی کی جانب سے ارسال کی گئی فہرست کے مطابق پشاور میں انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی تعداد 185 اور ضلع بنوں میں 117 ہیں۔فہرست کے مطابق شمالی وزیرستان میں 129 دہشت گرد، ڈی آئی خان میں 111، سوات میں 107، مردان میں 51، ضلع کرک میں 72 ،کوہاٹ میں 65 اور باجوڑ میں 42 دہشتگرد انتہائی مطلوب ہیں۔سی ٹی ڈی کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ دہشت گردوں کی فہرست میں کوئی خاتون دہشتگرد شامل نہیں ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق کرم میں 14 دہشت گردوں کے سروں کی قیمت مقرر کی گئی ہے، سب سے زیادہ دہشت گرد کاظم کے سر کی قیمت تین کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے۔