کرم کے علاقے اوچت میں 17 فروری کو قافلے پر ہونے والے فائرنگ کے واقعے کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق، مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا، جس میں دہشت گردی، قتل اور اقدامِ قتل سمیت 10 دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ایف آئی آر میں 57 سے زائد ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق، 63 گاڑیوں پر مشتمل قافلے پر دو مختلف مقامات سے حملہ کیا گیا۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے 8 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے۔ حملہ آوروں نے قافلے میں شامل کئی گاڑیوں کو لوٹنے کے بعد آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں 19 گاڑیاں جل کر تباہ ہو گئیں۔مزید تفصیلات کے مطابق، 9 گاڑیاں علیزئی پہنچنے میں کامیاب ہوئیں، 33 گاڑیاں واپس چلی گئیں، جبکہ 2 گاڑیاں خراب ہو گئیں۔ایف آئی آر میں فائرنگ کے واقعے میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ملوث ہونے کا ذکر کیا گیا ہے۔