اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان نے غیر قانونی افغان باشندوں کی وطن واپسی کے دوران ان کے ساتھ ناروا سلوک کے حوالے سے افغان ناظم الامور کے دعوے کو غلط قرار دے دیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے بیان میں کہا اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مناسب طریقہ کار وضع کیا کہ وطن واپسی کے عمل کے دوران کسی کے ساتھ بدسلوکی یا ہراساں نہ کیا جائے، اس سلسلے میں، ہم نے افغان شہریوں کی آسانی سے وطن واپسی کو یقینی بنانے کے لیے افغان فریق کو بھی بڑے پیمانے پر شامل کیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے وہ کیا ہے جو وہ کر سکتا تھا، ہم عبوری افغان حکام سے توقع کرتے ہیں کہ وہ افغانستان میں سازگار حالات پیدا کریں گے، تاکہ یہ واپس آنے والے افغان معاشرے میں مکمل طور پر مربوط ہوں۔